بنٹوال27؍ستمبر(ایس او نیوز) محکمہ سی آئی ڈی کے افسران نے کروپاڈی گرام پنچایت کے نائب صدر جلیل کروپاڈی کے قتل کی تحقیقات شروع کردی ہے۔اس بات کی جانکاری دیتے ہوئے مقتول جلیل کروپاڈی کے والدجناب عثمان نے بتایا کہ تحقیقاتی افسران نے ان کے گھر پہنچ کر بیانات درج کروائے ہیں۔
یاد رہے کہ گرام پنچایت کے نائب صدر جلیل کو کچھ لوگوں نے ان کے دفتر میں گھس کر دن دہاڑے قتل کیا تھا۔ اس سلسلے میں انڈرورلڈ ڈان وِکّی شیٹی کا نام اہم ملزم کے طور پر سامنے آیا تھا۔
خبر ملی ہے کہ سی آئی ڈی افسران کی ایک ٹیم نے ایس پی آنند اور ایس پی سجیت کی قیادت میں کروپاڈی گرام پنچایت دفتر میں پہنچ کر تمام ضروری معلومات حاصل کی اور پنچایت افسران کے بیانا ت بھی درج کرلیے۔ جلیل کے والدجناب عثمان نے مزید بتایا کہ انہوں نے سی آئی ڈی افسران کے علم میں یہ بات لائی ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران ہی انہوں نے تین اہم ملزمین دنیش شیٹی ، ونود اور دلیپ کی شناخت کردی تھی، مگر ان میں سے کسی کو بھی اب تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے ۔بلکہ پولیس خود ملزمین کو بچانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے اور عدالت سے ضمانت حاصل کرنے کی مہلت دے رہی ہے۔ اس کے علاوہ خود ان کو بھی اب وکّی شیٹی کی طرف سے دھمکیا ں دی جارہی ہیں۔عثمان صاحب کا کہنا ہے کہ انہوں نے سی ڈی آئی کے افسران سے مذکورہ تین ملزمین کو گرفتار کرنے اور انہیں انصاف دلانے کی مانگ کی ہے اور سی آئی ڈی کے افسران نے ان کے ساتھ انصاف کا معاملہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔